سرائیکی زبان
سرائیکی (ہندی: सराइकी، انگریزی: Saraiki, Siraiki, Seraiki)، ہند یورپی زبانوں سے تعلق رکھتی ہے۔ اسے 20 ملین (2 کروڑ ) لوگ بولنے والے ہیں جو موجودہ جنوبی پنجاب ، جنوبی خیبر پختونخوا، شمالی سندھ اور مشرقی بلوچستان میں رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت میں 20،000 لوگ سرائیکی بولتے ہیں جو تقسیم کے وقت ہجرت کرکے گئے تھے۔ اس کے علاوہ سرائیکی تارکین وطن (زیادہ تر ) مشرق وسطیٰ میں بھی ہیں۔ افغانستان میں بھی کچھ ہندو سرائیکی لہجہ بولتے ہیں لیکن وہاں ان کی تعداد نامعلوم ہے یہ بلوچوں کی تیسری بڑی زبان ہے۔
زبان اور اس کے لہجے
ملتانی زبان (Linguistic survey of India 1881-1882) برصغیر ایک ایسا خطہ ہے جہاں پر کئی زبانیں بولی جاتی ہیں جن میں سندھی ، ہندی ، اردو ، پنجابی وغیرہ شامل ہیں جو آپس میں نسلی اور شناختی تنازعات پیدا کرتی ہے کیونکہ یہ تمام ایک زبان کی بجائے لہجے کے تنازعے میں شامل ہیں۔ ان تمام زبانوں کی اپنی ایک معیاری شکل ہے جن میں ان کا ادب لکھا گیا ہے۔ سرائیکی کو ایک الگ زبان ہونے کا دعویٰ بھی کیا جاتا ہے تاہم یہ بات متنازع ہے۔ سرائیکی کا ذکر سب سے پہلے 1947ء میں پاکستان کے قیام کے بعد ایک مقامی لسانی پارٹی نے الگ صوبے کے قیام پر کیا۔ پاکستان میں سرائیکی لہجہ بولنے والوں کی مردم شماری پہلی بار 1981ء میں کی گئی۔ [8] :46. اس کے برعکس سرائیکی کو پنجابی کا ایک لہجہ بھی سمجھا جاتا ہے کیونکہ سرائیکی فقرے کی ساخت، بناوٹ وغیرہ بالکل ماجھی پنجابی جیسی ہے اسی وجہ سے کئی مقامی ماہر لسانیات نے سرائیکی کو پنجابی کا ایک لہجہ ہی کہا ہے جن میں دلائی، کے نریندر، گل، ہرجیت سنگھ گل، اے ہینری، گلیسن (جونیئر)، کؤل، این اومکر، سِیا مدُھو بالا، افضل احمد چیمہ، عامر ملک، امر ناتھ شامل ہیں۔ نا صرف مقامی بلکہ جدید لسانیات کے ادارے جیسے یوایس نیشنل ایڈوائزری کمیٹی، یو سی ایل اے لینگویج میٹیریل پروجیکٹ کے ساتھ ساتھ جدید لسانیات کے ماہر لمبرٹ ایم سرہونے، مریم ٹی ٹینوئی، سسان ایف ہینسونؤ، کارڈونا اور نٹالیا اِونوونا ٹولسٹایاوغیرہ نے بھی سرائیکی کو پنجابی کا ایک لہجہ کہا ہے۔
صوبہ سندھ کے 10 شمالی اضلاع میں جہاں سرائیکی بولی جاتی ہے وہاں سرائیکی کو پنجابی کی بجائے سندھی کا ایک لہجہ کہا جاتا ہے، اس کے علاوہ سرائیکی اردو کی ابتدائی شکل ہے اس پر بھی بحث ہو چکی ہے کیونکہ مسلمانوں نے ملتان تک کے علاقہ کو فتح کرکے ملتان کو سندھ کا دار الخلافہ بنایا تھا۔
(https://ur.wikipedia.org/wiki/%D8%B3%D8%B1%D8%A7%D8%A6%DB%8C%DA%A9%DB%8C_%D8%B2%D8%A8%D8%A7%D9%86)